کاروار 8 / اگست (ایس او نیوز) کالی ندی پر بنے کاروار کو گوا سے جوڑنے والے قدیم پُل کے انہدم پر تبصرہ کرتے ہوئے اُترکنڑا ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا نے کہا کہ اس حادثے کے لئے نیشنل ہائی وے تعمیری منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی ہی پوری طرح ذمہ دار ہے ۔ منکال وئیدیا نے کاروار میں جائے حادثے کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ کالی ندی پر ٹھیکیدار کمپنی کی طرف سے نیا پُل تعمیر کروانے کے لئے اسی پرانے پُل کو استعمال کرنے کی وجہ سے یہ پُل اس طرح ٹوٹ گیا ہے ۔
ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے کہا کہ رات 1.30 بجے کے قریب ڈسٹرکٹ ڈیسیاسٹر منیجمنٹ کنٹرول روم کو کالی ندی کا پُل گرنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریوینیو ڈپارٹمنٹ، پولیس اور مقامی ماہی گیروں نے راحت کاری اور حفاظتی اقدامات شروع کیے ۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر ضلع کی پی ڈبلیو ڈی، ضلع پنچایت، گرام پنچایت، ماہی گیری کی سڑکوں اور سڑکوں پر موجود پُلوں کا جائزہ لینے اور ان کی مضبوط اور استحکام کے بارے میں متعلقہ محکمہ جات سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ جہاں کہیں خطرہ لاحق ہوتا نظر آئے گا وہاں متبادل راستے کا انتظام کیا جائے گا ۔
ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے پُل گرنے کے حادثے میں ٹرک سمیت ندی میں گرنے کی وجہ سے زخمی ہوئے تملناڈو کے ٹرک ڈرائیور بال مورگن سے کاروار کے کریمس اسپتال میں جاکر ملاقات کی اور اس کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے بعد ذاتی طور پر اسے 50 ہزار روپے کا معاوضہ دیا اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمی ڈرائیور کو علاج و معالجہ کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں اور اس کے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد اسے اپنے گھر جانے کے لئے ضروری انتظامات کیے جائیں ۔